بدلے کی شادی — قسط 5
ابو کی طبیعت بگڑنے کی خبر آئی تو امی جان نے خود فریحہ کو میکے جانے کی اجازت دی۔ "بیٹی، باپ بیمار ہو تو بیٹی کا فرض سب سے پہلے ہوتا ہے۔ جا، اور ہماری طرف سے بھی عیادت کر آنا۔" حمزہ اسے چھوڑنے گیا۔ راستے بھر دونوں خاموش رہے، مگر اس خاموشی میں اب پہلے جیسی دیوار نہ تھی۔ قریشی ہاؤس کے دروازے پر اترتے ہوئے فریحہ نے دھیمے سے کہا، "شکریہ۔" حمزہ نے بس اتنا کہا، "ابو کا خیال رکھیے گا۔ شام کو لینے آ جاؤں گا۔"
گھر کے اندر کا ماحول دیکھ کر فریحہ کا دل بیٹھ گیا۔ وہی گھر جہاں وہ مہمان بن کر رہی تھی۔ شازیہ بیگم نے ٹھنڈی آواز میں کہا، "آ گئی ہو؟ سسرال کی شان و شوکت کے بعد یہ گھر چھوٹا لگتا ہوگا۔" فریحہ نے جواب نہ دیا اور سیدھا ابو کے کمرے میں چلی گئی۔ اشرف قریشی صاحب بستر پر کمزور پڑے تھے۔ بیٹی کو دیکھ کر ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ انھوں نے کانپتا ہاتھ فریحہ کے سر پر رکھا، "میری بچی۔۔۔ تمھاری ماں کے بعد میں نے تمھارا حق ادا نہیں کیا۔ اللہ مجھے معاف کرے۔" فریحہ رو پڑی، "ابو، ایسی باتیں نہ کریں۔ آپ بس ٹھیک ہو جائیں۔"
باتوں کے دوران فریحہ نے ہمت کر کے پوچھا، "ابو، عائشہ آپی کے معاملے میں جو کچھ ہوا۔۔۔ کیا آپ کو سب پتا تھا؟" اشرف صاحب نے لمبی آہ بھری، "بیٹا، مجھے جو بتایا گیا، میں نے وہی سچ مانا۔ مجھے کہا گیا تھا کہ عائشہ نے خود خلع کا مطالبہ کیا تھا، گھر میں بدتمیزی کی تھی۔ میں بیمار رہتا تھا، گھر کے معاملات شازیہ اور اس کے بھائی شہباز دیکھتے تھے۔ دانش آج تک پچھتاتا ہے، کہتا ہے اسے بھی یہی بتایا گیا تھا کہ عائشہ نے خط لکھ کر علیحدگی مانگی ہے۔" فریحہ کے دل کی دھڑکن تیز ہو گئی۔ عائشہ نے قسم کھائی تھی کہ اس نے کوئی خط نہیں لکھا۔ تو پھر وہ خط آیا کہاں سے؟ اور دانش کو اور اس کے گھر والوں کو — دونوں طرف الگ الگ کہانیاں سنائی گئی تھیں۔
دوپہر کو فریحہ کچن میں پانی لینے گئی تو شازیہ بیگم کے کمرے سے آواز آئی — وہ فون پر کسی سے بات کر رہی تھیں۔ فریحہ بے اختیار رک گئی۔ "شہباز، تم فکر نہ کرو۔ کاغذات والا معاملہ کوئی نہیں کھولے گا۔ بس وہ خط والی بات۔۔۔" دوسری طرف سے کچھ کہا گیا تو شازیہ کی آواز سخت ہو گئی، "وہ خط میں نے اسی لیے سنبھال کر رکھا ہے کہ وقت پڑے تو کام آئے۔ اگر وہ بات کھل گئی تو ہم دونوں کہیں کے نہیں رہیں گے۔" فریحہ کے قدموں تلے زمین نکل گئی۔ خط۔۔۔ کون سا خط؟ وہی خط جو عائشہ نے کبھی لکھا ہی نہیں؟ اور اس کی سوتیلی ماں نے وہ خط سنبھال کر کیوں رکھا تھا؟ (جاری ہے)